۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے صہیونی حکومت کے ایران میں عسکری مراکز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے صہیونی حکومت کی جانب سے ایران میں چند عسکری مراکز پر کیے گئے جارحانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام ممالک کی جغرافیائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا دھمکی کی ممانعت کے اصول کو پامال کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے متعلقہ ادارے بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اور وہ اپنی خودمختاری کے خلاف ہونے والے ہر قسم کے جارحانہ اقدامات کے خلاف دفاع کرنے کا حق اور ذمہ داری رکھتا ہے۔

ایران نے اپنے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایرانی قوم کی تمام مادی و معنوی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ علاقائی امن و استحکام کی حفاظت کے لیے اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کو محسوس کریں، اور ان تمام امن پسند ممالک اور خطے کے دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اپنی نفرت اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صہیونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات، نسل کشی، اور فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت، خاص طور پر لبنان پر حملے، جو امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی مکمل عسکری اور سیاسی حمایت کے سائے میں جاری ہیں، خطے میں تنازع اور عدم استحکام کے بنیادی عوامل ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک، 'نسل کشی کی روک تھام اور سزا کے کنونشن' کے رکن ممالک، اور 'جنیوا کنونشنز 1949' کے رکن ممالک کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر، اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور اجتماعی اقدامات اٹھائیں۔ ایران نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ اور لبنان کے خلاف نسل کشی، جنگ اور جارحیت کو روکنے اور صہیونی حکومت کی جنگی سرگرمیوں کو قابو میں لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .